خاموش محبت – حصہ اول
وہ روز یونیورسٹی کی لائبریری کی اُس پرانی کھڑکی کے پاس بیٹھا کرتا تھا۔ وہی خاموشی، وہی تنہائی، اور وہی نظر جو اکثر کسی ایک چہرے کو ڈھونڈتی رہتی تھی — لیکن بغیر کسی امید کے۔
اُس دن وہ پہلی بار لائبریری آئی۔ سادہ سی، خاموش سی، آنکھوں میں کوئی پرانی کہانی چھپی ہوئی۔ اُس نے کوئی لفظ نہیں کہا، لیکن اُس کی موجودگی نے پورے ماحول کو بدل دیا۔
اُس کے بعد وہ روز آنے لگی۔ ہمیشہ وہی وقت، وہی کتاب، وہی سیٹ۔ اور میری نظریں — بس اُسی پر۔ دل چاہتا تھا کہ کچھ کہوں، کوئی جملہ، کوئی سلام... مگر لب جیسے بند تھے، زبان جیسے بوجھل۔
کئی دن یوں ہی گزر گئے۔ کبھی ہماری نظریں ملیں، کبھی بس ایک مسکراہٹ بانٹی، لیکن کبھی کچھ کہا نہیں۔ ہم دونوں کے درمیان خاموشی کا ایک رشتہ بن چکا تھا — جو لفظوں سے نہیں، دل سے جُڑا تھا۔
ایک دن وہ کتاب گرا بیٹھی۔ میں فوراً اٹھا، اور پہلی بار ہم نے ایک ساتھ وہ لمحہ محسوس کیا، جس میں وقت جیسے رک گیا ہو۔ ہم دونوں کچھ نہ بول سکے۔ وہ مسکرائی، میں بھی۔ اور وہ لمحہ بس ہمارے دلوں میں قید ہو گیا۔
اگلے دن وہ نہیں آئی۔ پھر اگلے دن بھی نہیں۔ ہفتہ گزر گیا۔ دل بے چین ہونے لگا۔ میں نے کئی بار وہی جگہ دیکھی، کئی بار دل کو سمجھایا... مگر وہ نہیں آئی۔
پھر اچانک ایک دن، وہ دروازے میں نظر آئی۔ لیکن اس بار کچھ مختلف تھا۔ اُس کے ہاتھ میں ایک لفافہ تھا، اور آنکھوں میں نمی۔
وہ میرے قریب آئی، کچھ کہنا چاہا، مگر صرف وہ لفافہ میرے ہاتھ میں دے کر پلٹ گئی۔ میں کچھ پوچھ نہ سکا، کچھ روک نہ سکا۔
میں نے لفافہ کھولا... لیکن اُس میں کیا تھا؟
(جاری ہے... حصہ دوم جلد آ رہا ہے)
✍️ Writer: Shahmeer Adnan
Social Plugin